لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی صدر ڈویژن میں ڈاکو گھروں میں داخل ہو کر لاکھوں روپے کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ایک خاتون کو زخمی کر دیا۔ پولیس صرف ایف آئی آر درج کرنے تک محدود ہو گئی۔
شہر میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئیں۔ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈاکوؤں نے دو وارداتوں میں اہلخانہ کو یرغمال بنا کرلاکھوں روپے لوٹ لئے۔ ڈکیتی کی ایک واردات جوہرٹاؤن، دوسری نواب ٹاؤن کےعلاقے میں ہوئی۔ جوہرٹاؤن میں چار ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنایا۔ واردات کےدوران مسلح ڈاکوؤں نے 35 تولہ سونا، 9 لاکھ نقدی اور قیمتی گھڑیاں لوٹ لیں۔
نواب ٹاؤن میں تین ڈاکوؤں نے گھرمیں داخل ہو کرخواتین کویرغمال بنا لیا۔ لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں نے 40 تولہ سونا اور ڈھائی لاکھ روپے نقدی چھین لی۔ ڈاکوؤں نے واردات کے دوران مزاحمت کرنے والی خاتون کو زخمی بھی کردیا۔
پولیس نےڈکیتی کی دونوں وارداتوں کے مقدمات درج کر لیے ہیں، جوہر ٹاؤن واردات کے بعد فرار ہوتے ڈاکوؤں کی سی سی ٹی وی منظرعام پر آ گئی۔ واردات کرنے والے ڈاکوؤں کو پیدل فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔