اسلام آباد :6ماہ میں سٹریٹ کرائمز کے 401مقدمات میں ملوث ملزمان گرفتار

Published On 29 September,2021 07:29 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)حکومت کی جانب سے سینیٹ کو بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اسلام آباد میں سٹریٹ کرائمز میں ملوث 401 مقدمات کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر بہرہ مند تنگی، سینیٹر ذیشان خانزادہ اور سینیٹر فدا محمد کے سوال کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اسلام آباد میں سٹریٹ کرائمز میں ملوث 401 مقدمات کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے دو کروڑ 13 لاکھ 62 ہزار روپے لوٹی گئی رقم برآمد کی گئی۔

علی محمد خان نے کہا کہ آئی سی ٹی پولیس نے سٹریٹ کرائمز کے تدارک کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں، سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے ایگل سکواڈ قائم کیا گیا ہے جس کے بعد جرائم میں پچاس فیصد کمی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں خطرناک تیزاب کی خرید و فروخت پر پابندی اور ضبط کرنے کے حوالے سے کوئی قانون موجود نہیں ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت زمینی نگرانی کے لئے وفاقی دارالحکومت میں سمارٹ کارڈز کا آغاز کیا گیا ہے، ای چالان سسٹم کو فعال بنایا گیا ہے، 98 فیصد کیمرے فعال ہیں، 18 ای ایل ٹی ٹاورز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ 4500 مزید کیمرے نصب کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔