ملتان میں چوری اور ڈکیتی وارداتوں میں اضافہ، پولیس شہریوں کا بھروسہ کھونے لگی

Published On 23 February,2021 10:26 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں گلگشت سرکل سرفہرست ہے جبکہ باقی سرکلز کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں جس سے کرائم بڑھنے پر شہریوں اور تاجروں کا پولیس پر اعتماد مزید کم ہو گیا ہے۔

ملتان میں چوری، ڈکیتی، راہزنی، نوسربازی اور قتل کی وارداتوں میں کافی حد تک اضافہ ہو گیا ہے جن میں گلگشت سرکل پہلے اور نیو ملتان سرکل دوسرے نمبر پر ہے جبکہ باقی سرکلز کی صورتحال بھی خراب ہے جس سے دن کے اوقات میں بھی وارداتیں ہونے پر شہری اور تاجر سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کرائم کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے، اسی لیے کرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے علاقوں کی نشاندہی کر کے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔

اکتیس تھانوں کی 4500 نفری میں سے صرف 1200 اہلکار ہی مختلف تھانوں میں تعینات ہیں جبکہ باقی وی آئی پیز اور عدالتوں کی ڈیوٹی پر مامور ہیں جس سے کرائم کے حوالے سے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔