لاہور: بے رحم شوہر نے بیوی اور دو بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، وزیراعلی کا نوٹس

Published On 21 December,2020 10:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں بے رحم شوہر نے بیوی اور دو بچوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، وزیر اعلی نے نوٹس لے لیا۔

تہرے قتل کا واقعہ شفیع پارک خاکی شاہ روڈ نزد باگڑیاں گرین ٹاون کے علاقے میں پیش آیا جہاں بے رحم شوہر نے تیز دھار آلے سے اپنی بیوی اور دو بچوں کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ شمیم بی بی نے اپنے سابقہ شوہر محمد سرور سے طلاق لے کر عاشق علی سے شادی کر لی تھی، شمیم کو اس کے شوہر عاشق نے گھریلو جھگڑے پرقتل کیا، مقتولین میں شمیم بی بی، اس کا بیٹا، 14 سالہ فیصل اور سولہ بیٹی فوزیہ شامل ہیں، شمیم بی بی نے کچھ عرصہ قبل عاشق سے دوسری شادی کی تھی، مقتولہ کا عاشق سے گھر سے کپڑے چوری کرنے پر جھگڑا ہوا تھا، ملزم عاشق نے شمیم اور اس کے دونوں بچوں کو تیز دھار آلہ سے قتل کیا۔

لاہور پولیس نے دو گھنٹوں میں کارروائی کرتےہوئے تہرے قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا، ایس پی صدر حفیظ الرحمن بگٹی کے مطابق ملزم عاشق علی سے مزید تفتیش جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ دوسری طرف سی سی پی او کے نوٹس کے فوری بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔