ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی شہری کو دھمکیاں دینے کے کیس میں ضمانت منظور

Published On 17 December,2020 10:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی شہری کو دھمکیاں دینے کے کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔ ادھر سیالکوٹ بوگس چیک کیس میں گرفتاری سے بچانے کیلئے وکلا نے مثل اٹھا لی۔ کاشف کے وکلا اسے کمرہ عدالت سے کمیٹی روم میں لے آئے۔

کاشف ضمیر کو غالب تھانہ پولیس نے شہری کو دھمکیاں دینے کے کیس میں درجہ اول مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا تھا۔ پولیس کی جانب سے صلح کی درخواست جمع کروانے پر عدالت نے 50 ہزار کے مچلکے پر کاشف ضمیر کی ضمانت منظور کر لی۔

تاہم کاشف ضمیر پر سیالکوٹ میں 8 لاکھ کا چیک ڈس آنر ہونے پر سیالکوٹ پولیس بھی گرفتاری کیلئے موجود تھی۔ تاہم وکلا نے اس کیس میں گرفتاری سے بچانے کے لیے کیس کی مثل اٹھا لی۔

پولیس نے بھی ہتھکٹری کی چابی چھپا لی جس پر وکلا کاشف ضمیر کو ہتھکڑی سمیت کمیٹی روم کے آئے جہاں وکلا اور پولیس کے درمیاں مذاکرات ہوئے۔

کاشف ضمیر کے وکلا نے سیالکوٹ کیس کی مثل واپس کی جبکہ پولیس نے ہتھکڑی کی چاہی دے دی۔

ہتھکٹری کھلنے کے بعد کاشف ضمیر کو کچہری کے پچھلے دروازے سے نکال دیا گیا اور سیالکوٹ پولیس اسے حراست میں نہ لے سکی۔