بھائی نے شادی سے ایک روز قبل بہن قتل کردی

Published On 17 December,2020 05:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نشتر کالونی کے ندیم نے اپنی بہن رخسانہ کو کپڑے دھونے کا کہا، تاخیر پر تشدد کیا۔ محلے دار کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی، ملزم گرفتار، اعتراف جرم کرلیا۔

تفصیل کے مطابق نشتر کالونی میں کپڑے نہ دھونے پر بھائی نے بہن کو تشدد کرکے قتل کر دیا۔ 21 سالہ لڑکی نے آج دلہن بننا تھا۔ گھر والوں نے پولیس سے واقعہ چھپایا۔ پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ملزم نے چھوٹی بہن رخسانہ کو کپڑے دھونے کے لیے کہا تو اس نے بتایا کہ میرا بلڈ پریشر کم ہو رہا ہے اور مجھے چکر آر ہے ہیں، سردی بہت ہے، تھوڑی دیر بعد کپڑے دھو دیتی ہوں، یہ سن کر ندیم غصے میں آگیا اور تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس سے رخسانہ بیہوش ہو گئی، اسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ گھر میں شادی کی تیاری جاری تھی۔

اہلخانہ تدفین کا انتظام کر رہے تھے کہ محلہ دار کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ اہلخانہ کا موقف تھا کہ رخسانہ طبی موت سے ہلاک ہوئی ہے۔ تاہم جب پولیس نے والدہ سے تفتیش کی تو اس نے سب کچھ بتا دیا۔

پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔ پولیس نے ملزم ندیم کو گرفتار کر لیا، جس نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔