منڈی بہاء الدین کے علاقے سوہاوہ میں آٹھ سالہ بچہ مبینہ زیادتی کے بعد قتل

Last Updated On 19 July,2020 05:32 pm

منڈی بہاء الدین: (دنیا نیوز) مقتول کی لاش پڑوس کے زیر تعمیر مکان سے ملی۔ آٹھ سالہ تیمور ٹافیاں لینے کے لئے گھر سے نکلا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ ڈی پی او ناصر سیال بھی واقعہ کی اطلاع ملنے پر ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے دوران گفتگو کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد صورتحال واضح ہوگی، تاہم ابھی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے سوہاوہ میں زیادتی کے بعد 8 سالہ بچے کے قتل واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کے قاتل قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہرقیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مقتول بچے کے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔