بچوں سے زیادتی اور قتل کے ملزم کو 3 بار سزائے موت

Last Updated On 15 July,2020 03:50 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے چونیاں میں بچوں سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم کو ایک اور مقدمے میں تین بار سزائے موت، پچیس سال قید اور 32 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے کوٹ لکھپت جیل میں کیس کا ٹرائل مکمل کیا اور فیصلہ سنایا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم سہیل شہزادہ کو تین بار سزائے موت اور ایک بار عمر قید کی سزا سنائی، سپیشل پراسیکیوٹر میاں طفیل اور رانا عبدالجبار نے ملزم کے خلاف عدالت میں 15 سے زائد گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرائے۔

سانحہ چونیاں کیس کے ملزم سہیل شہزادہ کے خلاف مزید دو کیسز کا فیصلہ آنا باقی ہے، ملزم کو چونیاں میں چار بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ملزم کی گرفتاری کا اعلان وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس میں کیا تھا۔