افغانستان سے لائی گئی 20 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ایک ٹن چرس برآمد

Last Updated On 15 July,2020 02:13 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے چمن بارڈر کے راستے افغانستان سے پاکستان لائی گئی چرس کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کسٹمز ہاؤس سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ خفیہ اطلاع پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اکبر جان کی نگرانی میں پاکستان کسٹمز کی ایک خصوصی ٹیم نے افغانستان سے پاکستان آنے والی مال بردار گاڑیوں کی نگرانی کی۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ رات کسٹمز کی ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب ایک دس وہیلر ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تو نامعلوم ملزمان تیز رفتاری سے آگے نکل گئے اور تعاقب کرنے پر ملزمان ٹرک کو کچھ فاصلہ پر چھوڑ کر رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ کسٹمز نے ٹرک کو تحویل میں لے کر تلاشی لی تو اس میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے اعلیٰ قسم کی تقریباً ایک ٹن چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 20 کروڑ 70 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کرکے مفرور ملزمان کے خلاف کسٹمز اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔