کراچی: مختلف واقعات میں 3 ملزمان سمیت 4 افراد ہلاک، 4 زخمی

Last Updated On 02 July,2020 09:30 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اتحاد ٹاون میں ای وی سی سی اور اغواکاروں میں مقابلہ میں تین اغواکار ہلاک جبکہ مغوی بچہ بازیاب کروا لیا گیا، دوسری جانب گلشن حدید کے قریب گھرمیں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ماں بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے دیگر واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوئے۔

اے وی سی سی پولیس حکام کے مطابق اتحاد ٹاون میں مقابلے کے بعد سائیٹ اے کے علاقے سے اغوا ہونیوالے بچے 10 سالہ وقار کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ بچے کی بازیابی کے لئے اغواء کاروں کی جانب سے 1 کروڑ روپے تاوان طلب کیا جا رہا تھا، پولیس مقابلے میں تینوں اغوا کار مارے گئے۔

دوسری جانب گلشن حدید کے قریب گھر میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ماں، بیٹی اور بیٹا زخمی ہوئے، زخمیوں میں خاتون خدیجہ، بیٹی فرحانہ اور بیٹا ظفر شامل ہیں۔

زخمی ہونیوالے ظفر کے مطابق ملزمان عقبی دیوار سے سیڑھی لگا کر گھر میں داخل ہوئے مزاحمت پر فائرنگ کردی۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں خاتون اور بیٹی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب دوسری جانب لیاقت آباد نمبر دس شہدا مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ادھرلانڈھی شاہ لطیف ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 35 سالہ ساجد ولد صالح شاہ زخمی ہو گیا۔ لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔