پشاور میں کالعدم تنظیموں کے 8 دہشت گرد گرفتار، دستی بم اور اسلحہ برآمد

Last Updated On 09 June,2020 03:41 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے اہم کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جن کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔

سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پورکا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ حیات آباد کے علاقے میں کارروائی کی گئی جس کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتاردہشت گرد پشاور میں دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ دہشت گردوں سے دستی بم، اسلحہ اورگاڑی برآمد ہوئی۔

سی سی پی او کے مطابق دہشت گردوں نے کارروائی کے دوران پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کی تھی اور پولیس مقابلے کے بعد ان کو گرفتارکیا گیا، دہشت گردوں میں سے ایک کا تعلق افغانستان اور دیگر کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔ دہشت گرد بھتہ خوری اور شہریوں کے گھروں پر بم حملوں میں بھی ملوث ہیں۔

سی سی پی او کا کہنا تھا کہ کورونا کی آڑ میں کرپشن پر ایک ایس ایچ او اور چوکی انچارج کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور محکمانہ کارروائی جاری ہے۔