کراچی: پانی چوری کے تین نیٹ ورک پکڑے گئے

Last Updated On 03 March,2020 01:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کےعلاقے پاپوش نگر میں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے بر وقت کارروائیاں کر کے پانی چوری کے تین نیٹ ورک پکڑے گئے۔ پانی چوروں نے دو رہائشی عمارتوں میں پمپنگ سٹیشن بنا رکھے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے پانی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، پاپوش نگر کےعلاقے میں بڑا ایکشن ہوا جہاں پر گھروں میں قائم دو غیر قانونی پمپنگ اسٹیشنز پکڑےگئے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان کی سربراہی میں عملہ نے پولیس اور ہیوی مشینری کیساتھ آپریشن میں حصہ لیا۔ تھانے کے پیچھے قائم عمارت میں پمپنگ سٹیشن کےذریعے پانی چوری کیا جارہا تھا۔

کارروائی کے دوران ایسی ہی ایک اور دو منزلہ عمارت کا انکشاف ہوا جہاں پمپنگ سٹیشن قائم تھا، چوری کیے جانے والے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے گئے۔

خفیہ اطلاع پر پاپوش کے علاقے میں ہی دوسری کارروائی بھی کی گئی، پانی چوری کا دوسرا نیٹ ورک بھی پکڑاگیا، جہاں چار انچ کی لائن سے میٹھا پانی چوری کیا جارہا تھا۔

واٹر بورڈ حکام کا دعویٰ ہے کہ پانی چوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔