پاک بنگلا دیش ٹی ٹونٹی سیریز، لاہور پولیس نے حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگ لیا

Last Updated On 22 January,2020 04:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے لاہور پولیس نے صوبائی حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگ لیا۔

زرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے حکومت سے رینجرز کی آٹھ کمپنیاں اور کلوز پروٹیکشن کی ایک کمپنی کی درخواست بھی کر دی ہے، پولیس نے آئی جی آفس سے چار بہتر بند گاڑیاں بھی مانگی ہیں۔

دوسری طرف عوامی سہولت کے مدنظر اور ٹریفک کی موثر روانی کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان بھی جاری کر دیا گیا، 24 ،25 اور 27جنوری کو قذافی سٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

سی ٹی او کے مطابق پانچ ایس پی صاحبان، 16 ڈی ایس پیز، 90 انسپکٹرز، 135 پٹرولنگ افسران اور 16 سو سے زائد وارڈنز تعینات ہونگے، رونگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فورک لفٹرز، 5بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیے جائیں گے۔

کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ شائقین کے گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے 9 سٹینڈز مختص کیے گئے ہیں،، متبادل راستوں پر وارڈنز کی بھاری نفری تعینات ہو گی، سٹی ٹریفک پولیس روائتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ میں پھول، بچوں میں کینڈیز تقسیم کرتے ہوئے ویلکم کیا جائیگا، مال روڈ،جیل روڈ، کینال روڈ، ایم ایم عالم روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہے گی، راستہ ایپ، راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جائیگا۔

سی ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ شہری مزید راہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن15پر کال کرسکیں گے، آمد ور رفت کیلئے متبادل روٹس کینال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کےلئے ہمہ وقت کھلی رہے گی، کلمہ چوک انڈرپاس، سنٹر پوائنٹ سے فردوس مارکیٹ روڈ بھی ہرقسم کی ٹریفک کےلئے کھلی رہے گی ٹیم کی موومنٹ کے دوران سڑکوں کو کچھ لمحوں کےلئے بند کیا جائے گا۔