کراچی: ہجرت کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، تحقیقات شروع

Last Updated On 24 December,2019 09:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واردات غیرت کے نام پر قتل کا نتیجہ لگتی ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔

رات گئے ہجرت کالونی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ابوبکر نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔ مقتول کی بیوی ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر آگئی تھی اور مقتول کواس کے سسرالیوں نے صلح کے لئے بلایا تھا۔

واقعے کے بعد سے لڑکی کے بھائی اور چچازاد بھائی مفرور ہیں۔ پولیس نے جائےوقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے دوران نائن ایم ایم پستول کے تین خول اپنی تحویل میں لے لیے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر قتل معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔