ڈولفن سکواڈ نے خواتین سکھ یاتریوں سے ہونیوالی واردات ناکام بنا دی

Last Updated On 14 November,2019 10:27 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ڈولفن سکواڈ نے نیلا گنبد میں سکھ یاتری خواتین سے ہونے والی واردات کو ناکام بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق سکھ یاتری خواتین انارکلی میں شاپنگ کر رہی تھیں۔ موٹر سائیکل سوار 2 سنیچرز نے جھپٹا مارتے ہوئے خواتین سے پرس اور طلائی زیورات چھین لیے۔

انار کلی میں سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے گشت پر مامور ڈولفن ٹیم نے ملزمان کو قابو کر لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے چھینے گئے طلائی زیورات سکھ یاتری خواتین کے حوالے کر دئیے۔ سکھ یاتری خواتین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے یہاں آکر تحفظ کا بھرپور احساس ہوتا ہے۔

لاہور پولیس اور ڈولفن سکواڈ نے سکھ یاتریوں کے دل جیت لیے۔ پولیس نے ملزمان احمد علی اور ندیم بٹ کو تھانہ اولڈ انارکلی کے حوالے کر دیا۔

ایس پی ڈولفن نوید ارشاد کی طرف سے ڈی ایس پی سول لائنز شاہد رشید کو شاباش دی گئی اور ڈولفن ٹیم کے لیے تعریفی اسناد و کیش انعامات کا اعلان کیا گیا۔