کچے میں آپریشن، پولیس اہلکاروں کا ڈاکوؤں کو حساس معلومات دینے کا انکشاف

Last Updated On 28 September,2019 04:49 pm

سکھر: (دنیا نیوز) شکار پور کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس ناکامی کے محرکات سامنے آ گئے، دوران آپریشن پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈاکوؤں کو حساس معلومات فراہم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق شکارپور کچے میں آپریشن کے دوران ڈی ایس پی، ایس ایچ او، اے ایس آئی سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں، ایس ایس پی شکارپور ڈاکٹر رضوان نے پولیس میں موجود 50 کالی بھیڑوں کے حوالے سے مس کنڈکٹ رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کو ارسال کر دی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل نے ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ پر 50 پولیس اہلکاروں کو ابتدائی سزا کے طورضلع بدر کر دیا ہے، ضلع بدر ہونے والوں میں 9 سب انسپکٹر، 6 اے ایس آئی شامل ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل کا کہنا ہے کہ سزا پانے والوں میں 6 ہیڈ کانسٹیبل، 24 پولیس کانسٹیبل شامل ہیں، ضلع بدر پولیس اہلکاروں پر شکارپور میں تعیناتی کیلئے تین سال کی پابندی عائد کی گئی ہے، اہلکاروں کے خلاف مزید شواہد ملنے پر تمام اہلکاروں برطرف کیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ ضلع بدر پولیس اہلکار جرائم پیشہ افراد کو حساس معلومات فراہم کرتے تھے، ضلع بدر پولیس اہلکار منشیات فروشوں سے بھتہ لیتے، ایرانی پیٹرول کی سمگلنگ میں بھی ملوث ہیں، اہلکار نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی سمگلنگ میں ملوث رہے ہیں۔ ضلع بدر اہلکاروں کیلئے جاری لیٹر اور ناموں کی فہرست دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔