وہاڑی: خاتون پر پولیس تشدد، ڈی ایس پی، ایس ایچ او سمیت 8 اہلکار گرفتار

Last Updated On 08 September,2019 03:51 pm

وہاڑی: (دنیا نیوز) وہاڑی کے پولیس سٹیشن لڈن میں خاتون پر تشدد کا آر پی او وسیم احمد نے نوٹس لے لیا، پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ڈی ایس پی، ایس ایچ او، انچارج سی آئی اے، محرر سمیت 8 اہلکاروں گرفتار کر لیا گیا۔

وہاڑی پولیس نے خاتون کو نجی ٹارچر سیل میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، واقعے کی انکوائری ایس پی انویسٹیگیشن وہاڑی نے کی جس پر پولیس اہلکاروں کے خلاف دفعہ 354، 337 اور 342 سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

آر پی او وسیم احمد کے نوٹس لینے پر مقدمے میں نامزد ڈی ایس پی، ایس ایچ او، انچارج سی آئی اے، محرر سمیت 8 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مزید پولیس اہلکاروں اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کو آر پی او کے حکم پر حوالات میں بند کر دیا گیا۔