لاہور: گیس سلنڈر پھٹنے سے دو منزلہ گھر زمین بوس، تین افراد ہلاک

Last Updated On 07 September,2019 05:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دومنزلہ گھر زمین بوس ہوگیا، تین افراد ہلاک دو زخمی ہوگئے۔

دنیا نیوز کے مطابق ہفتے کی صبح لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے رچنا بلاک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، علاقے کے ایک گھر میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث دو خواتین سمیت 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔

ملبے تلے دبنے والوں میں سے 63سالہ عارف صدیقی، 45 سالہ کنول اور 19 سالہ ابوبکر جاں بحق ہوگئے۔ ریسیکو ٹیموں نے آپریشن کے دوران 40 سالہ ذیشان اور 25 سالہ صائمہ کو ملبے سے زندہ نکال لیا جنہیں طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملبے کو ہٹا کر لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کا آپریشن آٹھ گھنٹوں تک جاری رہا۔