کراچی: تین ماہ قبل کچرا کنڈی سے ملنے والی جھلسی لاش کا معمہ حل ہو گیا

Last Updated On 05 September,2019 10:24 am

کراچی: (دنیا نیوز) واٹس ایپ پر دوستی اور محبت کا بھیانک انجام، تین ماہ قبل کراچی کے علاقے کریم آباد کی کچرا کنڈی سے ملنے والی جھلسی ہوئی لاش کا معمہ حل ہو گیا۔ لڑکا سعودی عرب سے محبت کی خاطر کراچی آیا تھا۔ نوجوان کے قتل میں اس کی محبوبہ ملوث نکلی۔

کراچی میں کریم آباد کی کچرا کنڈی سے 3 ماہ قبل ملنے والی جھلسی ہوئی لاش کا معمہ حل ہو گیا۔ قاتل حسینہ شبانہ نے محبت کے جال میں پھنسا کر 27 سالہ حمزہ کو سعودی عرب سے کراچی بلایا تھا۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ شبانہ نے 26 رمضان کوحمزہ کو سعودیہ سے کراچی بلایا اور لیاقت آباد میں کرائے کا گھر لیا جہاں شبانہ بھی چار دن مقیم رہی۔

پیسوں کی لالچ میں ملزمہ نےعید الفطر کی چاند رات حمزہ کو نیند کی گولیاں کھلائیں اور گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتارا۔ واردات کے بعد ملزمہ نے اپنے پرانے ساتھی و گینگ وار کارندے خلیل کو بلایا جو لیاقت آباد میں شیلٹر ہوم چلاتا ہے۔

خلیل ایمبولینس لایا جس میں لاش ڈال کر کچرا کنڈی میں پھینکی گئی، عید کے روز لاش کچرے میں پڑی رہی جس پر دوسرے دن ملزمان نے پٹرول چھڑک کرآگ لگائی۔ تحقیقاتی اداروں نے ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں چھاپہ مار کر ملزمہ شبانہ اور گینگ وار کارندے خلیل کو گرفتار کیا تو دونوں نے اعتراف جرم کر لیا۔