کراچی: سینٹرل اور ملیر جیل سمیت مختلف علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن

Last Updated On 05 September,2019 10:13 am

کراچی: (دنیا نیوز) محرم الحرام میں سیکورٹی اقدامات کے پیش نظر کراچی کے سینٹرل اور ملیر جیل سمیت مختلف علاقوں میں رینجرز کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران مشتبہ افراد اور مخصوص مقامات کی تلاشی لی گئی۔ ادھر حب ندی میں نہاتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے۔ دو نوجوانوں کو زندہ جبکہ ایک کی لاش نکال لی گئی۔

محرم الحرام اور کراچی میں امن و امان کے حوالے کراچی رینجرز کا سولجر بازار، نشترپارک ، خراساں امام بارگاہ، نیا گولیمار، رضویہ سوسائٹی کے اطراف آپریشن کیا گیا، اس دوران مشکوک افراد اور مشکوک گھروں کی تلاشی لی گئی، مخصوص مقامات کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے۔ مشتبہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا موقع پر ہی ریکارڈ چیک کیا گیا، آپریشن میں بائیومیٹرک مشین اور شناختی کارڈ کے ذریعہ مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔ خفیہ اطلاعات پر مختلف مقامات پر چھاپے اور تلاشی لی گئی۔ آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ کراچی کی جیلوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن انٹیلی جنس اداروں کی اطلاع پر کیا گیا۔ رینجرز نے سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کے بیرکس کی تلاشی بھی لی۔

دوسری جانب گزشتہ روز حب ندی میں نہاتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے تھے۔ جن میں سے دو نوجوانوں کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ ایک نوجوان کی لاش نکال لی گئی۔ تینوں نوجوان کراچی سے پکنک منانے حب ندی گئے تھے۔ ڈوبنے والے نوجوان کی شناخت اختر تنولی کے نام سے ہوئی جس کی لاش کو سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔