کراچی: چوری کے شبہ میں 15 سالہ لڑکے پر شہریوں کا تشدد، جان سے مار دیا

Last Updated On 18 August,2019 12:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) لٹیروں کے ستائے کراچی کے شہری قانون ہاتھ میں لینے لگے، چوری کے شبہ میں کمسن لڑکے کی جان لے لی۔ کوکن سوسائٹی میں ہجوم کے تشدد سے پندرہ سالہ لڑکا جان سے گیا۔ مقتول ریحان کا کریمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا۔

جلد بازی کی خطاء یا غلط صحبت کا انجام، کراچی میں پندرہ سال کا لڑکا ڈاکو قرار دے کرمار دیا گیا۔ بہادرآباد کو کن سوسائٹی میں صبح گیارہ بجے شہریوں کے ہتھے ڈاکو چڑھنے کی اطلاع ملی تو قانون نافذ کرنےوالے ادارے فوراً پہنچے مگر پھر بھی دیر ہوچکی تھی۔ پندرہ سالہ ریحان شہریوں کے غصے کے سامنے زندگی ہار چکا تھا۔

تشدد کرنے والوں نے ریحان کے مرنے سے پہلے ویڈیو بھی بنائی جو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی، پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا جنہوں نے بتایا کہ ریحان اپنے ساتھی کےہمراہ انکے گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا تھا۔

ریحان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے جناح پسپتال منتقل کی گئی جہاں خبر ملنے پر اسکے لواحقین بھی پہنچے اور ریحان کو بے قصور قرار دیا۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ملزم ریحان کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا جس کے مطابق ریحان 27 جنوری کو بھی نقب زنی کے الزام میں گرفتار ہوچکا ہے۔ گرفتاری کے دوران پندرہ سالہ ریحان کے قبضے سے نقدی اور لیڈیز پرس بھی برآمد ہوا تھا۔