مرید عباس کیس: تفتیشی ٹیم نے 26 سرمایہ کاروں کی فہرست تیار کر لی

Last Updated On 16 July,2019 03:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور دوست خضر حیات کے قتل میں تفتیش کرنیوالی ٹیم نے 26 سرمایہ کاروں کی فہرست تیار کر لی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق ملزم عاطف زمان کے پاس ایک ارب 26 کروڑسے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی، مرید عباس نے 11 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار روپے لگائے، محمد یاسر نامی شخص نے 54 کروڑ، مدثر اقبال نے 7 کروڑ سے زائد لگائے۔

یہ بھی پڑھیں: مرید عباس قتل، 50 لاکھ تنازع سے شروع رقم ایک ارب تک پہنچ گئی

ذرائع کے مطابق بینکرز ایاز اور صدف نے 17 کروڑ 2 لاکھ کی سرمایہ کاری کی، بینک مینجر سیف نے 3 کروڑ 91 لاکھ روپے پھنسائے، عظیم خان نے ساڑھے چار کروڑ، فواد زیدی نے 3 کروڑ سے زائد لگائے، تمام افراد نے رشتہ داروں، قریبی افراد کے پیسے بھی لگا رکھے تھے۔

دوسری طرف مریدعباس قتل کے مرکزی ملزم عاطف کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔ عاطف زمان کے ذاتی 6 بینک اکاؤنٹ سامنے آچکے ہیں، تمام بینک اکاؤنٹس مخلتف بینکوں میں کھولے گئے ہیں، عاطف زمان نے زید انٹر پرائزز کے نام سے بھی 5 بینک اکاونٹس کھلوا رکھے تھے۔

اس سے قبل مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل میں مزید اہم پیشرفت سامنے آئی تھی، 50 لاکھ کے تنازع سے شروع ہونیوالی رقم ایک ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ملزم عاطف زمان نے برطانوی خاتون کے بھی 17 کروڑ روپے دینے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اینکر مرید عباس کے قتل کی تحقیقات، ملزم کا سمگلنگ میں ملوث ہونیکا انکشاف

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم عاطف زمان نے برطانوی شہریت رکھنے والی خاتون سے بھی رقم لی تھی، خاتون مختلف چینلز میں اینکر بھی رہ چکی ہیں، برطانوی خاتون کے 17 کروڑ روپے عاطف نے دینے تھے،

دوسری طرف تفتیش حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں پانچ افراد کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں، تین کاروباری شراکت داروں کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ کیس میں ملوث ملزم عدنان زمان کی گرفتاری کے لیئے تفتیشی ٹیم کسی بھی وقت بالاکوٹ روانہ ہوگی

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جامی میں کارسواروں کی فائرنگ سے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اپنے ساتھی خضر سمیت جاں‌ بحق ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ خیابان بخاری میں پیش آیا تھا۔

دنیا نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ خضر کو گرتے اور عمارت سے باہر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم عاطف کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود تھا۔ ویڈیو میں ایک خاتون بھی نظر آ رہی ہے جبکہ فائرنگ کے بعد مرید عباس کو زخمی حالت میں لے جانے کے مناظر بھی کیمرے نے قید کئے تھے۔

پولیس نے ملزم عاطف کو حراست میں لیا تو اس نے بتایا کہ امپورٹڈ ٹائروں کا کاروبار کرتا ہوں۔ مرید عباس سمیت میڈیا کے کئی افراد نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔ مرید عباس اور دیگر سرمایہ کاروں کی جانب سے بلیک میل کیاجاتا تھا جس سے تنگ آ کر اینکر اور اس کے دوست خضر کو دونوں کو قتل کر دیا۔