عارفوالا: وکلا، دکانداروں میں تصادم، اینٹوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال

Last Updated On 19 June,2019 06:08 pm

عارف والا: (دنیا نیوز) عارف والا میں وکلا اور دکانداروں کے درمیان تصادم ہو گیا، فریقین نے اینٹوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا اور اس دوران فائرنگ بھی کی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق اس تصادم کے بعد دکانداروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر بہاولنگر روڈ بلاک کر دی، پولیس کو حالات پر قابو پانے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کرنا پڑ گئی۔

وکلا کے مطابق ساتھی وکیل نے آٹو سٹور کے باہر بنک کی اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کے لئے موٹرسائیکل کھڑی کی جس پر آٹو سٹور والوں نے وکلاء کو زدوکوب کیا اور انہیں دکان میں بند کر دیا اس خبر پر وکلا کی کثیر تعداد تحصیل کچہری سے باہر نکل آئی جس کے بعد وکلااور دوکانداروں کا تصادم شروع ہو گیا ۔۔

دنیا نیوز کے مطابق تصادم کے دوران فریقین نے اینٹوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے بعد دونوں فریقین نے فائرنگ بھی کی، اس تصادم کے دوران ایک وکیل زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آٹو سٹور مالکان کا موقف تھا کہ وکلا نے ان کی دکان کے شیشے توڑے اور تشدد کا نشانہ بنایا، دکانداروں نے آٹو سٹور مالکان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر بہاولنگر روڈ بلاک کر دی جبکہ پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لئے آنسو گیس استعمال کرنا پڑی۔