عارف والا: وکلا اور دکانداروں کے مابین تصادم، اینٹوں اور ڈنڈوں‌ کا بھرپور استعمال

Last Updated On 19 June,2019 01:55 pm

عارف والا: (دنیا نیوز) عارف والا میں وکلا اور دکانداروں کے درمیان تصادم کے دوران فریقین نے اینٹوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا، فائرنگ بھی کی گئی۔ دکانداروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائر جلا کر بہاولنگر روڈ بلاک کر دی۔ پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کرنا پڑی۔

موٹر سائیکل کھڑی کرنے کا معاملہ سر پھٹول تک جا پہنچا۔ وکلا کے مطابق ساتھی وکیل نے آٹو سٹور کے باہر بنک کی اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کے لئے موٹرسائیکل کھڑی کی جس پر آٹو سٹور والوں نے وکلاء کو زدوکوب کیا اور انہیں دکان میں بند کر دیا۔

اطلاع پر وکلا کی کثیر تعداد تحصیل کچہری سے باہر نکل آئی اور دوکانداروں کے ساتھ تصادم شروع ہو گیا۔ فریقین نے اینٹوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا، فائرنگ بھی ہوئی۔

جھگڑے میں ایک وکیل زخمی بھی ہوا جسے ٹی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔ آٹو سٹور کے مالک آصف اور ان کے والد کا موقف تھا کہ ان کی دکان کے شیشے توڑ ڈالے اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

جھگڑا بڑھا تو پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لئے آنسو گیس استعمال کرنا پڑی، دکانداروں نے اس پر احتجاجی مظاہرہ کیا، ٹائر جلا کر بہاولنگر روڈ بلاک کر دی۔