کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گارڈن میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، مشتعل افراد کے پتھراؤ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پانچ اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے گارڈن میں ہونیوالا جھگڑا کرکٹ میچ کے دوران ہوا، جھگڑے کے بعد پولیس طلب کی گئی تھی۔ پولیس کے پہنچنے کے بعد بھی فریقین میں جھگڑا جاری رہا، مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی جہانزیب اور سپاہی شہزاد زخمی ہوئے۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے مبینہ فائرنگ کی جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پانچ پولیس اہلکاروں کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے ، زخمی عبدالقیوم کے بھتیجے جاوید اقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔