فیصل آباد: قبضہ مافیا نے کروڑوں روپے مالیتی مکان سے شہری کو بےدخل کر دیا

Last Updated On 14 May,2019 01:11 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں قبضہ مافیا نے پنجے جما لئے۔ غلام محمد آباد مین بازار میں کروڑوں روپے مالیت کے مکان پر قبضہ کرتے ہوئے بااثر افراد نے اہلخانہ کو گھر سے زبردستی نکال دیا۔

فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی جبکہ قبضہ مافیا نے پنجے جما لئے۔ غلام محمد آباد صدر بازار میں واقع طارق نامی شہری کے مکان پر بااثر قبضہ مافیا نے زبردستی قبضہ کرتے ہوئے اہلخانہ کو گھر سے بے دخل کر دیا۔ بااثر افراد کی جانب سے رجسٹری برانچ کے ملازمین کی مبینہ ملی بھگت سے مکان کی جعلی رجسٹری بھی تیار کروائی گئی جسے فرانزک لیبارٹری نے بھی جعلی ثابت کر دیا۔

مکان پر قبضے کی وجہ سے طارق اور اسکے اہلخانہ کرائے کے گھروں میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ اہلخانہ کہتے ہیں انصاف کے حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ، اینٹی کرپشن اور پولیس سمیت دیگر دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئے مگر کہیں سے بھی داد رسی نہ ہوئی۔