کراچی میں مبینہ ٹارگٹ کلر سمیت 2 سٹریٹ کرمنلز گرفتار، اسلحہ برآمد

Last Updated On 11 April,2019 11:09 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران مبینہ ٹارگٹ کلر سمیت 2 سٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر کے دستی بم سمیت اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کرلیا گیا۔ کینٹ سٹیشن پر کسٹم انٹیلی جنس نے کاروائی کرتے ہوئے غیر قانونی چیزوں کی سمگلنگ ناکام بنا دی اور سامان قبضے میں لیکر قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا۔

گلستان جوہر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عارف رضوی عرف بونڈا کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کر کے ملزم کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ کلری پولیس کی سٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم فیضان 2015ء سے واردتیں کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گزشتہ دنوں یونیورسٹی روڈ میں شہری سے لوٹ مار کی تھی جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

دوسری جانب کینٹ سٹیشن پر کسٹم انٹیلی جنس نے چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی سمگلنگ کی کوشش کے دوران غیر قانونی اشیا برآمد کر لیں۔ کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ کاروائی کے دوران ریلوے پولیس آپریشن میں رکاوٹ بنی رہی۔ پولیس اہلکاروں نے اعلی افسران کے حکم پر کسٹم انٹیلی جنس کے افسران کے کام میں مداخلت کی۔

کسٹم انٹیلی جنس افسر ارشاد شاہ کا کہنا تھا کہ واقعے کے دوران لوڈنگ گاڑی کا ڈرٕائیور فرار ہو گیا جبکہ سوزوکی اور لوڈ سامان کسٹم نے تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کرلیا۔ ادھر ضلع ملیر میں پولیس نے سائیٹ سپر ہائی وے اور گلشن معمار میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے 18 مشکوک افراد کو حراست میں لیا۔ پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے تمام افراد کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد رہا کر دیا گیا۔