لاہور: 5 ڈاکو خواجہ سراؤں سے لاکھوں لوٹ کر فرار

Last Updated On 15 November,2018 05:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر ڈویژن تھانہ مانگامنڈی کی حدود میں ڈاکو بے لگام ہو گئے اور پولیس خاموش تماشائی بن گئی۔ کار میں سوار پانچ مسلح ڈاکوؤں نے خواجہ سراؤں کیساتھ ڈکیتی کی واردات کی، ڈاکو خواجہ سراؤں سے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ لوٹ کر فرار ہو گئے۔

خواجہ سراؤں نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈکیتی ڈاکووں نے خواجہ سراؤں پر تشدد کرتے ہوئے علیزہ نامی خواجہ سرا کے بال بھی مونڈ ڈالے، ڈاکووں نے سونیا اور اسکے ساتھیوں سے تین لاکھ روپے نقدی، تین تولہ سونا، بالیاں اور چین وغیرہ بھی لوٹ لیا ہے۔

خواجہ سراوں کا کہنا تھا کہ تھانہ مانگا منڈی میں درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس حسب روایت خانہ پوری کرنے کے بعد ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔