لاہور: ڈولفن فورس کی فائرنگ، چار افراد پر مبینہ حملے کا ملزم ہلاک

Last Updated On 03 November,2018 05:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی داراؒحکومت لاہور کے علاقہ سبزہ زار میں نیم پاگل شخص نے چھریوں کے پے درپے وار کر کے ڈولفن اسکواڈ کے اہلکار سمیت پانچ افراد کو زخمی کر دیا ۔تاہم ڈولفن فورس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں نیم پاگل شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ نواں کوٹ کی حدود سبزہ زار میں پیش آیا جہاں پر نیم پاگل شخص عصمت اللہ نے چھریوں کے پے درپے وار کر کے چار شہریوں کو زخمی کر دیا۔ اہل علاقہ نے ون فائیو پر پولیس کو اطلاع دی جس پر ڈولفن اسکواڈ ٹیم نمبر 115 موقع پر پہنچ گئی۔

اہلکاروں نے ملزم عصمت اللہ کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزم نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈولفن سکواڈ کے اہلکار مبشر کو چھریوں کے وار کر کے زخمی کر دیا تاہم ڈولفن سکواڈ کے دیگر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزم عصمت اللہ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈولفن اسکواڈ کے اہلکار مبشر کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی۔ دوسری جانب ایس پی اقبال ٹاؤن سید علی کی جانب سے ابتدائی رپورٹ ڈی آئی جی آپریشنز کو بھجوا دی گئی ہے۔