کراچی: بہادرآباد میں لوٹ مار کرنے والا ڈاکو شہری کی فائرنگ سے زخمی

Last Updated On 30 September,2018 02:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں جاری لوٹ مار کے خلاف پولیس کے ساتھ شہری بھی میدان میں آگئے۔ بہادرآباد میں لوٹ مار کرنے والا ڈاکو شہری کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، نیو کراچی سے کار لفٹر کے کارندے سمیت 2 ڈاکو دھرلیے گئے۔

کراچی میں پولیس سٹریٹ کرائم کو روکنے میں ناکام ہوئی تو شہریوں نے بیچ سڑک پر ہی اپنی عدالت لگا لی، بہادر آباد کے قریب لوٹ مار کی واردات پر شہریوں نے ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانا بنایا اور خود ہی گولی مار کر انصاف بھی کر ڈالا۔

پولیس کے مطابق بہادرآباد میں ملزم کار سوار افراد سے لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہورہا تھا کہ شہری نے ملزم کو دھرلیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ملزم فرزند کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا جبکہ مبینہ ڈاکو کا ساتھی فرار ہوگیا۔

دوسری جانب اے سی ایل سی پولیس نے نیوز کراچی میں کارروائی کی اور کار لفٹر گروہ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی منیر شیخ کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مختلف علاقوں سے گاڑی چوری کی، ملزم نے اعتراف کیا کہ 2009 سے اب تک 30 سے 35 گاڑیاں چوری کرچکا ہے، ادھر پولیس نے ملیر الفلاح کے علاقے میں لوٹ مار کے بعد فرار
ہونے والے زخمی سمیت 2 مبینہ ڈاکووں کو گرفتار کرلیا گیا۔