صادق آباد (دنیا نیوز ) صادق آباد کچے کے علاقے سے نوجوان اغوا ہونے لگے، ڈاکوؤں نے مزید 2 نوجوانوں کواغوا کرکے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کرلیا، پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی، اہلخانہ سراپا احتجاج بن گئے، پاک فوج سے مدد مانگ لی۔
صادق آباد میں چھوٹوگینگ پھر ایکٹو ہوگیا، علاقے میں نوجوانوں کی اغوا کی وارداتیں بڑھنے لگیں، اہلخانہ دہائیاں دینے لگے۔ بتایا گیا ہے کہ کچے سے دو نوجوانوں کو اغوا ء کرلیا گیا ہے جبکہ بازیابی کیلئے ڈاکوؤں نے 50 لاکھ روپے کا تاوان طلب کرلیا، چار دن کی مہلت بھی دیدی۔ پولیس کے رویے کے خلاف اہلخانہ احتجاج پر مجبور ہوگئے۔
مظاہرین کا کہنا ہے وہ خوف کے مارے گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے، غریب لوگ ہیں، کہاں جائیں، 50 لاکھ روپے کہاں سے لائیں۔ پولیس ناکام ہو چکی ہے۔ ڈاکوؤں نے دو روز قبل عمران اور عباس کو اغوا کیا تھا، پولیس نے مقدمہ تو درج کرلیا لیکن نوجوانوں کی بازیابی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔
صادق آباد کے کچے کے علاقے سے دو ماہ کے دوران 21 افراد کو اغوا ہو چکے ہیں، پھر بھی پولیس ڈاکوؤں کے خلاف کچھ نہ کرسکی، روز بروز علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس بڑھتا جارہا ہے۔