مردان: (دنیا نیوز) مردان میں معمولی سی بات پر 2 فریقوں کے درمیان خونریز تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں والدین کے سامنے نوجوان بیٹے کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ مردان شہر سے 20 کلومیٹر دور علاقہ طوروجمشید آباد میں رونما ہوا۔ پولیس کے مطابق کچھ عرصہ قبل فریق اول افتخارعلی کے کتے نے پڑوسی کرم خان کی مرغی کھالی تھی، جس پر دونوں ہمسایوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا اور دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خلاف چھریاں چلا دیں۔
فریق اول افتخارعلی کے جواں سال بیٹے نادرعلی کو ان کے والدین کے سامنے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، جبکہ فریق دوئم کرم خان کے دو بیٹے خالد اور جہانزیب شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی، فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرا دیے جبکہ پولیس نے بھی تفتیش شروع کردی ہے۔