کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی، کروڑوں کے سمگل شدہ آٹو سپئیر پارٹس برآمد

Last Updated On 05 May,2018 01:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کسٹمز انٹیلی جنس لاہور نے میکلوڈ روڈ پر ایک ہوٹل میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ آٹو سپئیر پارٹس برآمد کر لئے۔

ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس شوکت علی کی ہدایت پر لاہور میں کارروائی کے دوران نجی ہوٹل کے تہہ خانے سے بڑی تعداد میں سمگل شدہ آٹوسپئیر پارٹس پکڑے گئے۔ کسٹمز انٹیلی جنس حکام کے مطابق برآمد کئے گئے سامان کی قیمت تین کروڑ 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔

اسمگلنگ سے ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں سرکاری خزانے کو 2 کروڑ 60 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔ ضبط کئے گئے سامان کا کل وزن 14 ہزار کلوگرام ہے، ہوٹل ملازمین کے مطابق تہہ خانہ شاکر اللہ نامی شخص نے کرائے پر لے رکھا تھا۔