راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں بنگلادیش کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگیا۔
دفاعی چیمپئن اور میزبان پاکستان کی ایونٹ میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے لگاتار شکست کے بعد بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بنگلادیش کی نیوزی لینڈ سے فتح سے جڑی تھیں جو اب دم توڑ گئیں۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے چھٹے میچ میں ہی ایونٹ کی دو بڑی ٹیمیں آؤٹ ہو گئیں، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بنگلادیش کی شکست کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم بھی ایونٹ سے باہر ہو گئی۔
نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے میچ کے اختتام کے ساتھ ہی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ سیمی فائنلسٹ بن گئے ہیں۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان گزشتہ روز بھارت سے شکست کے بعد ہی اپنے سفر کا اختتام مان چکے تھے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور بھارت سے ہارے ہیں، اب یہ اس کو ہرا دے وہ کسی اور کو ہرا دے وہ اس پر یقین نہیں رکھتے جیتنا ہے تو اپنے بل بوتے پر جیتو۔