لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹر جیمز ونس پی ایس ایل اور آئی پی ایل کے لیے علیحدہ قوانین پر ای سی بی کے دوہرے معیار پر بول پڑے۔
ایک بیان میں جیمز ونس کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل مختصر ٹورنامنٹ ہے وہاں کھیل کر پلیئرز ڈومیسٹک سے زیادہ محروم نہیں ہوتے جبکہ آئی پی ایل طویل ٹورنامنٹ ہے وہاں ڈومیسٹک پلیئرز کا جانا نہیں بنتا۔
جیمز ونس نے سوال اٹھایا کہ آئی پی ایل کی اجازت کیوں؟ پی ایس ایل کی کیوں نہیں؟ ممکن ہے کہ قوانین میں یہ تضاد بورڈز کے باہمی تعلق کی وجہ سے ہو۔
انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ میں مزید انگلش پلیئرز پک ہوتے تو اور پلیئرز بھی اپنا ڈومیسٹک ریڈ بال کنٹریکٹ چھوڑ دیتے لیکن پی ایس ایل ٹیموں نے این او سی کے خدشے کی وجہ سے اکثر انگلش پلیئرز کو منتخب نہیں کیا۔
جیمز ونس کا کہنا تھا کہ ای سی بی کی نئی پالیسی انگلش کرکٹرز کے لیے مددگار ثابت نہیں ہو رہی۔
خیال رہے کہ انگلش بیٹر جیمز وینس نے حال ہی میں پی ایس ایل کی خاطر اپنا ریڈ بال کنٹریکٹ منسوخ کیا ہے۔
جیمز ونس نے پی ایس ایل کے لیے انگلش فرسٹ کلاس سیزن کو خیربادکہہ دیا ہے اور وہ اس سال صرف ہمپشائرکی جانب سے وائٹ بال کرکٹ کھیلیں گے، جیمز ونس کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ہمپشائر کی قیادت سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں۔
انگلش کرکٹرنے اپنی کاؤنٹی کے ساتھ صرف وائٹ بال کرکٹ کا نیا معاہدہ کر لیا ہے جبکہ انگلش بیٹر جیمز ونس پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز کا حصہ ہیں۔