سینچورین: (دنیا نیوز) ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
سینچورین میں ہونیوالے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔
اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے 98 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور حریف ٹیم کے لئے بڑا ہدف سیٹ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا، صائم ایوب نے اپنی اننگز کے دوران 5 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان محمد رضوان نے11، بابراعظم نے 31 اور عرفان نیازی نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خان 3 اور طیب طاہر 6 رنز بناسکے جبکہ عباس آفریدی 11 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ ہدف آخری اوور میں پورا کر لیا، ریزا ہینڈرکس شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے جنوبی افریقہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ وین ڈوسن نے 33 گیندوں پر ففٹی بنائی، قومی باؤلر بڑا ٹارگٹ دینے کے باوجود میچ ہار گئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے جہانداد خان نے 2 اور عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔