دبئی: (دنیا نیوز) بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، چیمپئنز ٹرافی 2025 کے مقابلے پاکستان اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بورڈ کا ان آفیشل اجلاس ہوا جس میں آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی اور اس ضمن میں پاکستان اور بھارت میں اصولی معاہدہ بھی ہو گیا ہے۔
معاہدے کے مطابق پی سی بی اور بی سی سی آئی بھارت کے مقابلے دبئی میں کرانے پر رضامند ہے جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ کولمبو میں ہوگا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس معاہدے کے لیے کوئی مالی معاوضہ وصول نہیں کرے گا، چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے پاکستان میں تین وینیوز اور بھارت کے مقابلے دبئی میں ہوں گے۔
پاکستان کو 2027 کے آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی ملے گی جبکہ 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ میچز کا معاملہ بعد میں طے ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تحریری طور پر معاہدہ نہیں ہوا اور ابھی صرف اصولی معاہدہ ہوا ہے، چیمپئنز ٹرافی سے متعلق حتمی فیصلہ کل ہوجائے گا، 3 سال کے فیوژن ماڈل کو کل آئی سی سی سے منظوری ملنے کا امکان ہے۔