کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں بےپناہ صلاحیتیں موجود ہیں، گلی گلی کھیلنے والے نوجوانوں کو بھی گورنر ہاؤس میں انٹری مل گئی ہے۔
کراچی ٹیپ بال پریمئرلیگ کی پری لانچ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس ہر شعبے کے لوگوں کیلئے کھلا ہے، ہر ٹیلنٹ کو خود سپورٹ کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، حکومت نوجوانوں کے لیے کھیلوں کو فروغ دے رہی ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ جن نوجوانوں کوہماری ضرورت ہے ان کیلئے میں حاضر ہوں، ہم آئی ٹی کورسز کے ساتھ دیگر کاموں میں بھی متحرک ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کرکٹ کو کیسے آگے بڑھانا ہے یہ کام ظہیر نصیر نے سنبھال لیا ہے، ٹیپ بال کو نہ صرف نیشنل بلکہ انٹرنیشنل لیول پر بھی متعارف کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل اس ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب معین خان اکیڈمی میں ہوگی، اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نامور کرکٹر شامل ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی نائٹس کی ٹیم آئی ٹی کے بچوں کی ٹیم ہے، آئی ٹی اور راشن کے بعد سپورٹس کیلئے بھی دروازے کھول دیئے ہیں۔