کراچی میں 17سال بعد نیشنل گیمزکا انعقاد اگلے سال ہوگا

Published On 10 December,2024 11:19 pm

کراچی :(دنیانیوز)سندھ حکومت نے کھیلوں کے لیے سالانہ کیلنڈر تیار کرلیا ہے اور17 سال کے بعد کراچی میں نیشنل گیمزکا انعقاد ہوگا اور اگلے سال جنوری میں بیچ گیمز بھی ہوں گے۔

محکمہ کھیل سندھ کے تحت کراچی کے ضلع جنوبی کے لیے منعقدہ بیچ سپورٹس گالہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ میں کھیلوں کے حوالے سے ٹیلنٹ کی تلاش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کھیلوں کے حوالے سے بہت بڑی تبدیلی آئے گی، سندھ حکومت نوجوانوں کو کھیل کھیلنے کے لیے محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں اچھی کارکردگی دکھانے پر انعامات دے کر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

ضلع جنوبی میں منعقدہ بیچ سپورٹس گالا میں والی بال، فٹ بال، ٹگ آف وار، ریس، کبڈی سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوئے، تاہم خواتین اور دیگر کھلاڑیوں نے سہولیات کی عدم فراہمی پر تحفطات کا اظہار کیا۔