لاہور: (ویب ڈیسک) سابق کرکٹر شعیب اختر نے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد بارے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ابھی بھی لگتا ہے کہ بھارت کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی۔
شعیب اختر نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کو لےکر بیک چینل مذاکرات ہوں گے، ہمیں امید نہیں ہارنی چاہئے البتہ حل کا انتظار کرنا ہوگا۔
راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ ہم سب حقیقت جانتے ہیں کہ بھارت سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں 95 سے 96 فیصد سپانسرشپ آتی ہے، اس لیے بھارتی بورڈ آنکھیں بھی دکھاتا ہے۔
سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پاک بھارت ٹیموں کی آمد واقعی حکومتوں کے ہاتھ میں ہے، کوئی بورڈ کچھ نہیں کرسکتا ہے، چاہے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہو یا بھارتی کرکٹ بورڈ۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ آپ تصور کریں کہ ویرات کوہلی پاکستان آکر کھیل رہا ہے اور وہ سنچری بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ورلڈکپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی نہیں کر سکتا لیکن اگر چیمپئنز ٹرافی ہوتی ہے تو یہ بڑے ایونٹس کیلئے ایک قدم ہوگا، مجھے ابھی بھی لگتا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی۔