چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی نے تاحال پی سی بی کے خط کا جواب نہ دیا

Published On 14 November,2024 05:47 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے خط کا جواب نہیں دیا، آئی سی سی کے جواب میں تاخیر ظاہر کرتی ہے کہ بھارت نے کچھ بھی تحریری نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا تھا کہ بھارتی بورڈ نہ آنے کی ٹھوس وجوہات پیش کرے، اکتوبر 2024 کی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی شیڈول پر کسی نے اعتراض نہیں کیا تھا اور براڈ کاسٹرز کے مںظور شدہ شیڈول پر بھارت سمیت تمام کرکٹ بورڈز نے رضامندی ظاہر کی تھی۔

ذرائع کے مطابق 11 نومبر کو پاکستان میں ٹرافی ٹور اور ایونٹ لانچ سے عین پہلے بھارت نے نہ آنے کی بات کردی، چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کا اعلان کافی پہلے ہوا، دسمبر 2023 میں ہوسٹ معاہدہ سائن ہوا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پہلے حکومت سے اجازت کیوں نہیں لی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوری میں انٹرنیشنل ٹیسٹنگ سیریز بھی پلان کر رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ستمبر میں سیکیورٹی پلان پر تمام ممبران کو بریفنگ دے چکا تھا۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ منٹس میں درج ہے کسی بورڈ کو پاکستان میں طے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول پر اعتراض نہیں تھا، اکتوبر کی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کی تفصیلات موجود ہیں۔