چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پی سی بی کا مؤقف قابل تعریف ہے: محمد عامر

Published On 15 November,2024 12:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف قابل تعریف ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کوئی ابھی پاکستان کو نہیں ملی اس کا بہت پہلے فیصلہ ہوچکا تھا، پاکستان نے گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن پر بہت رقم خرچ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا آپ اتنا پیسہ لگائیں اور ایک ٹیم اٹھ کر نہ کھیلنے کا اعلان کر دے اور کہے ٹورنامنٹ ملتوی ہو جانا چاہیے، نہ کھیلنے اور ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کے لیے کوئی وجہ بھی تو ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی انگلینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل کر گئی ہیں، انکار کے لیے آپ کو مضبوط وجوہات بیان کرنا پڑتی ہیں اور وجہ تو اس وقت کچھ بھی نہیں ہے۔

محمد عامر نے کہا کہ اگر آپ نے اسے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے تو وہ آپ کی ہونی چاہیے اور اس کو الگ رکھیں، اگر آپ کھیلنا چاہتے ہیں تو کھیلیں پاکستان کی میزبانی بڑی اچھی ہوتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں قصور وار آئی سی سی کو قرار دوں گا، یہ سب کچھ ان کی وجہ سے ہوا ہے، اگر کوئی نہیں کھیلنا چاہتا تو اس کی جگہ کوئی اور ٹیم شامل کرلیں ٹورنامنٹ کرائیں۔