لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر قومی ٹیم کے غیر ملکی کوچز آسٹریلیا روانہ ہو جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی بنگلا دیش سے ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر کل روانگی شیڈول ہے جبکہ ہائی پرفارمنس کوچ ٹم نیلسن بھی آسٹریلیا روانہ ہو جائیں گے، دونوں کوچز انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے کیمپ سے قبل واپس آئیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہو گا، ٹیسٹ سیریز کے لیے کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فزیو کلف ڈیکن اور سٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ڈریکس سائمن پاکستان میں رہیں گے، دونوں قومی ٹیسٹ سکواڈ اور دیگر انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیں گے، فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ چیمپئنز ون ڈے کپ سے قبل مکمل کیا جائے گا۔
وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوران موجود ہوں گے، وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد جنوبی افریقہ چلے گئے تھے جبکہ جولائی میں لاہور آئے تھے اور اپنا فیڈ بیک دیا تھا۔
چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوران گیری کرسٹن کھلاڑیوں کو مانیٹر کریں گے، وہ مینٹورز کے ساتھ مل کر مستقبل کے لیے ٹیم کو تیار کریں گے، وائٹ بال ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ نومبر میں آسٹریلیا میں سیریز ہے۔