تروبا: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد یوگنڈا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 32 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر یوگنڈا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔
یوگنڈا کی اننگز
نیوزی لینڈ کی دعوت پر یوگنڈا نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن بیٹرز کی کارکردگی مایوس کن رہی، یوگنڈا کی پہلی وکٹ 1 رنز پر گری، صرف کنیتھ ویسوا نے 11 رنز کی اننگز کھیلی ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا جبکہ 3 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے، یوں یوگنڈا کی ٹیم نے 18.4 اوورز کھیل کر 40 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے شاندار باؤلنگ کی اور 4 اوورز میں صرف 4 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور رچن رویندا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لوکی فرگوسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
40 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی اور ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا، نیپال کی جانب سے واحد وکٹ ریاضت علی شاہ نے حاصل کی۔
کیویز سکواڈ
نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کر رہے تھے، فن ایلن، ڈیون کانوے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، جمی نیشم، مچل سینٹنر، رچن رویندا، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور ٹم ساؤتھی سکواڈ کا حصہ تھے۔
یوگنڈا کا سکواڈ
یوگنڈا کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض برین مسابا سرانجام دے رہے ہیں، راجر موکاسا، سمن سیسازی، روبنسن اوبایا، ریاضت علی شاہ، الپیش رامجانی، دنیش ناکرانی، جما میاگی، کنیتھ ویسوا، کوسمس کیوتا اور فرانک نسوبوگا سکواڈ کا حصہ ہیں۔