نیویارک: (ویب ڈیسک) ماضی میں پاکستان کیلئے انڈر 19 کھیلنے والے کینیڈین باؤلر کلیم ثناء ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنے پرانے ساتھی بابر اعظم اور رضوان کی وکٹ لینے کیلئے پر امید ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا اور بھارت کے ہاتھوں بدترین شکستوں کے بعد قومی ٹیم آج کینیڈا کیخلاف قسمت آزمائے گی۔
میچ سے قبل کینیڈین ٹیم کے فاسٹ باؤلر کلیم ثناء نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں2009 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کیلئے منتخب ہوا اور 2010 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے سلیکٹ ہوا۔
کلیم ثناء کا کہنا تھا کہ میں نے بابر اعظم کے ساتھ 8 سال کرکٹ کھیلی، انڈر 16 سے میں اور بابر ساتھ تھے، پاکستان میں جو آخری فرسٹ کلاس کھیلا تھا اس میں بھی بابر حریف ٹیم میں تھا۔
کینیڈین باؤلر نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہوا، لیکن اب کینیڈا کا پلیئر ہوں، ورلڈ کپ میچ کیلئے پرجوش ہوں، میری فیملی اور دوست جو پاکستان میں ہیں ان کی سپورٹ تقسیم رہے گی، گھر والے مجھے سپورٹ کریں گے مگر وہ چاہیں گے کہ پاکستان جیتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ورلڈ کپ کیلئے کافی محنت کی ہے، کینیڈا کی ٹیم کا مورال اس وقت کافی بلند ہے، پاکستان دو میچز ہارنے کے بعد دباؤ میں ہوگا، ہم پاکستان کو ہرانے کیلئے پورا پلان کر رہے ہیں۔