لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ کپتان کو ٹیم بنانے کیلیے وقت اور اعتماد ملنا چاہیے۔
سابق فاسٹ باؤلر عمر گل نے ایک انٹرویو میں بابر اعظم کو دوبارہ کپتان مقرر کیے جانے کے سوال پر کہا کہ پی سی بی کے ساتھ کنٹریکٹ کی وجہ سے میں اس معاملے پر زیادہ بات نہیں کر سکتا، یہ فیصلہ بورڈ کی صوابدید ہے، میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ جو بھی کپتان ہو اسے پورا وقت اور اعتماد ملنا چاہیے تاکہ وہ اپنی ٹیم بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آپس میں معاونت اور اعتماد کی فضا ہونی چاہیے، بڑے واضح انداز میں کھلاڑی کو بتا دینا چاہیے کہ آپ کو اتنے عرصے کیلئے ذمہ داری سونپ رہے ہیں، ہر 2،3 ماہ بعد یہ موضوع سامنے آجاتا ہے کہ کپتان تبدیل ہو رہا ہے، ہر کپتان یا کوچ کا اپنا ویژن ہوتا ہے، اسے وقت دیں تو نتائج سامنے آئیں گے۔
کپتانی سے ہٹانے پر شاہین شاہ آفریدی کی بطور باؤلر کارکردگی متاثر ہونے کے سوال پر عمر گل نے کہا کہ ایک پروفیشنل کرکٹر پر اس طرح کی باتیں اثر انداز نہیں ہوتیں، شاہین بھی بڑی مثبت سوچ رکھتے ہیں، انہیں بورڈ کا فیصلہ قبول کرنا چاہیے، کپتان کوئی بھی ہو سب کھلاڑی اپنے ملک کیلئے کھیلتے اور پرفارم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔