دورہ پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کے سکواڈ کا اعلان

Published On 03 April,2024 08:40 am

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کردیا۔

اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باعث مائیکل بریسویل کو پہلی بار کیوی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

دورہ پاکستان کے لیے بریسویل کے علاوہ فن ایلن، مارک چیپمین اور جوش کلارکسن، بین سیئرز، ایڈم ملنے سکواڈ میں شامل ہیں، جمی نیشم، ٹم سیفرٹ اور اش سوڈھی بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ ٹم روبنسن اور ول اورارکی کو پہلی مرتبہ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے 9 کھلاڑی آئی پی ایل اور ایک کاؤنٹی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہے، ٹرینٹ بولٹ، ڈیون کانووے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل آئی پی ایل میں مصروف ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق گلین فلپس، رچن روندرا، کین ولیمسن اور مچل سینٹنر بھی آئی پی ایل کھیل رہے ہیں، ول ینگ کاؤنٹی جبکہ ٹام لیتھم گھریلو مصروفیات کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں، ٹم ساؤتھی کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت دورہ پاکستان کے لیے آرام دیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز 18 اپریل سے شروع ہو گی، کیوی ٹیم 12 اپریل کو نیوزی لینڈ سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گی۔