لاہور: (دنیا نیوز) سابق کپتان اور ورلڈ کلاس بیٹر بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی مانگ لی ہے، بابر اعظم چاہتے ہیں کہ انہیں ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ ٹیموں کا کپتان بھی بنایا جائے۔
بابر اعظم نے تاحال پی سی بی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کی آفر قبول نہیں کی، شان مسعود اس وقت ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں، بابر اعظم کے مطالبے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ مشکل میں پڑ گیا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ایک بار پھر کپتان بنانے کا فیصلہ کیا، سلیکشن کمیٹی نے بھی بابر اعظم کو کپتان بنانے کی سفارش کی، کپتان کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی باقاعدہ طور پر اعلان کاکول میں جاری قومی ٹیم کا فٹنس کیمپ ختم ہونے کے بعد کریں گے۔
بابر اعظم پہلے بھی 4 سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی تینوں طرز میں کپتانی کر چکے ہیں، بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 71 ٹی 20 میں 42 جیتے اور 23 ہارے ہیں۔
دوسری جانب بی سی بی عہدیداران نے شاہین شاہ آفریدی کو بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا جس پر ردعمل دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے موجودہ کپتان نے پی سی بی حکام سے سوال کیا کہ کیا آپ مجھے کپتانی سے ہٹانے کی وجوہات بتا سکتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے موجودہ کپتان شاہین شاہ آفریدی کے سوال پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام جواب نہ دے سکے اور بس صرف اتنا کہا کہ ہم نے بس آپ کو فیصلے سے آگاہ کیا ہے، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بابر اعظم کو دوبارہ کپتانی دی جائے۔
ذرائع کا کہنا کہ بابر اعظم کو ممکنہ طور پر کپتان بنائے جانے کے بعد شاہین آفریدی نے کپتانی سے دستبرداری کا فیصلہ کر لیا تھا تاہم ان کے رفقاء نے مشورہ دیا کہ کپتانی کا فیصلہ بورڈ کا ہے لہٰذا بورڈ جسے کپتان بنائے اس فیصلے کو تسلیم کریں اور فوری طور پر قیادت سے دستبردار نہ ہوں۔