لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ سابق کپتان بابر اعظم جلد دلہا بننے والے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے ایمانی صفات جلد پوری ہو جائیں، شادی کرنا اللہ کا حکم ہے، شوہر اور بیوی کا رشتہ اللہ نے بہت مقدس بنایا ہے، شاہین آفریدی اور شاداب خان کو بھی میں نے ہی شادی کرنے کا کہا تھا۔
انہوں نے بابراعظم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ بہت دوستی ہے، بابر اعظم بھی جلد شادی کرنے والے ہیں، بابر اعظم اور میں ایک دوسرے سے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مشورہ کرتے ہیں۔
محمد رضوان نے مزید بتایا کہ کسی اور کے کمرے میں جانے سے پہلے میسج کرتا ہوں لیکن بابر اعظم اور میرے درمیان ایسا کچھ نہیں، کسی بھی وقت ہم دونوں ایک دوسرے کے کمرے میں چلے جاتے ہیں، بابر اعظم اور میں ایک دوسرے سے سیکھتے رہتے ہیں۔