لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ کپتانی میں فیصلہ سازی اہم ہے، عہدوں پر لوگ بدلتے رہتے ہیں۔
برطانوی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی بابر اعظم کا فین ہے، میں بھی ہوں، بابر اعظم کی خدمات پاکستان کیلئے بہت بڑا اثاثہ ہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ جب آپ کپتان ہوتے ہیں تو بات شان یا بابر کی نہیں ٹیم پاکستان کی ہوتی ہے، عہدہ اپنی جگہ رہے گا، اس عہدے پر آنے والے لوگ بدلتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بابر سے لوگ جس طرح محبت کرتے ہیں ان کی جگہ لینا کبھی آسان نہیں، بابر نے جو عہدہ چھوڑا تھا وہ کسی کو تو حاصل کرنا تھا، میرے لئے اہم ہے کہ میں اپنے مطابق کپتانی کروں اور ٹیم کو آگے بڑھاؤں۔
ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ آپ کو یہ دیکھنا چاہیے کہ مجھے کب اور کن حالات میں کپتانی ملی تھی، عمر بڑھنے کے ساتھ سیکھا کہ مشکل حالات میں تحمل مزاجی بہت اہم ہے، آپ جتنا کم شکوہ کرتے ہیں اور جتنے زیادہ شکر گزار ہوتے ہیں، چیزیں اتنی آسان ہوتی ہیں۔